غزہ بورڈ آف پیس کا اعلان؛ اسرائیل نے صحافیوں کی گاڑی کو اُڑا دیا؛ 11 شہادتیں
اسرائیلی فوج نے صحافیوں کی گاڑی کو حماس سے منسلک قرار دیکر بم سے اُڑا دیا
ایک جانب امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ غزہ بورڈ آف پیس کی دستخطی تقریب میں امن و امان کی یقین دہانی کرا رہے تھے تو دوسری جانب اسرائیل فلسطینیوں پر قہر ڈھا رہا تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری تھم نہ سکی۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور فضائی حملوں میں کم از کم 11 فلسطینی شہید ہوگئے۔
شہید ہونے والوں میں تین صحافی اور دو کم عمر بچے بھی شامل ہیں جب کہ درجنوں افراد زخمی ہیں جن کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہونے والے تینوں فلسطینی صحافی انس غنئیم، عبدالرؤف شعت اور محمد قشطہ بے گھر افراد کے کیمپ کی رپورٹنگ کے لیے ایک گاڑی میں پہنچے تھے۔
صحافیوں کی تنظیم کے مطابق وہ ایک انسانی اور صحافتی مشن پر تھے اور شہریوں کی مشکلات کو دستاویزی شکل دے رہے تھے۔
دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وسطی غزہ میں حماس سے منسلک ڈرون چلانے والے مشتبہ افراد کی نشاندہی پر انہیں نشانہ بنایا گیا۔ نہیں معلوم تھا صحافی تھے۔
فلسطینی صحافیوں کی یونین نے اسرائیلی فوج کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہید صحافی امدادی اور صحافتی کام انجام دے رہے تھے۔
مقامی صحافیوں کے مطابق ان کی سرگرمیاں مصر کی ایک کمیٹی کے تعاون سے ہو رہی تھیں، جو غزہ میں امدادی کاموں کی نگرانی کرتی ہے۔
ایک مصری سکیورٹی ذریعے نے تصدیق کی کہ نشانہ بننے والی گاڑی اسی کمیٹی کی تھی۔
صحافیوں کے تحفظ کی عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (CPJ) کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ میں کم از کم 206 صحافی اور میڈیا ورکرز مارے جا چکے ہیں۔
فلسطینی صحافی تنظیم کے مطابق یہ تعداد 260 سے زائد ہے۔ اسرائیل نے تاحال کسی واقعے کی باقاعدہ تحقیقات یا ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں کی۔
اسرائیلی کی ہٹ دھرمی اور غنڈہ گردی کا عالم یہ ہے کہ یہ حملے ان علاقوں میں ہوئے جہاں اکتوبر میں طے پانے والی جنگ بندی کے تحت امن کی ضمانت دی گئی تھی۔
گزشتہ برس اکتوبر میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک جھڑپوں میں 460 سے زائد فلسطینی اور تین اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اکتوبر 2023 میں حماس کے حملے کے بعد شروع ہونے والی اسرائیلی کارروائیوں میں غزہ میں اب تک 71 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور دو لاکھ سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔