ایف آئی اے نے رشوت، اغوا اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث 4 افسران کیخلاف مقدمہ درج کرلیا
ایف آئی اے گوجرانوالہ نے رشوت، اغوا اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے 4 افسران سمیت 8 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے مقدمہ نیشنل سائبر کرائم اینڈ انویسٹیگیشن ایجنسی کے سب انسپکٹرز امیر حمزہ،مجاہد علی،اے ایس آئی شہروز اور افسر اللہ یار پر درج کیا گیا،مقدمہ میں پرائیویٹ فرنٹ مین حاجی وقار،عاصم محمود،عثمان علی اور نعمان علی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے سرکل گوجرنوالہ نے چھاپہ مار کر اے ایس آئی شہروز اور سٹاف افسر اللہ یار کو گرفتار بھی کر لیا ہے،وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ترجمان کے مطابق این سی سی آئی اے کے افسران کیخلاف مقدمہ شہری مظفر اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مدعی نے درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ این سی سی آئی اے کے افسران نے آن لائن ٹریڈنگ کرنے والے اس کے 4 بچوں پر کرپٹوکرنسی کا کاروبار کرنے کا الزام لگا کر غیر قانونی طور پر اغوا کیا اور رہائی کے عوض 5 کروڑ روپے رشوت کا مطالبہ کیا جبکہ سائبر کرائم افسران نے 30 لاکھ روپے رشوت لیکر اس کے بیٹوں کو چھوڑ دیا۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کے بعد 4 افسران سمیت 8 افراد کیخلاف مقدمہ درج کر کے 2 کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔