ڈیرہ غازی خان کے نجی اسپتال میں مرد ڈینٹسٹ نے گائنی کا آپریشن کرڈالا، مریضہ جاں بحق
پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان میں نجی اسپتال انتظامیہ کی غفلت کا سنگین واقعہ پیش آیا جس میں لیڈی سرجن کے بجائے ڈینٹسٹ نے حاملہ خاتون کا آپریشن کیا اور مریضہ انتقال کرگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں قائم نجی ہسپتال میں لیڈی سرجن کے بجائے ڈینٹل ڈاکٹر نے گائنی آپریشن کردیا جس میں پیچیدگی کی وجہ سے مریضہ دم توڑ گئی۔
متوفی خاتون کے ورثا کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران خون زیادہ دہ بہنے پر آپریشن کرنے والا نہ تجربہ کار ڈاکٹر بھی بیہوش ہوکر گرگیا، ہم نے بے ہوش ڈاکٹرکو کیبن میں پہنچایا۔
ورثا کے مطابق ہم لیڈی ڈاکٹر کو بلاتے رہے مگر وہ مریضہ کی حالت تشویشناک ہونے پر نہ پہنچی۔
اہل خانہ کے احتجاج کے بعد ہیلتھ کئیر کمیشن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی ٹیمیں نجی ہسپتال پہنچ گئیں جس پر اسپتال انتظامیہ نے ریکارڈ دینے سے انکار کیا اور مبینہ طور پر سی سی ٹی وی کیمرے کی ڈیوائس بھی تبدیل کردی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے تعاون نہ کرنے پر اسپتال کو فوری طورپر سیل کرکے مزید تحقیقات شروع کردیں اور ورثا کو انصاف کی یقین دہانی کرائی۔
ڈی ایچ او نے کاہ کہ واقعے کی تحقیقات کیلیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ مملکت و معاون خصوصی وزیراعظم حذیفہ رحمان نے ڈیرہ غازی خان کے نجی اسپتال میں دورانِ زچگی خاتون کی ہلاکت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔