کراچی میں بارش کے بعد موسم انتہائی سرد، یخ بستہ ہواؤں سے پارہ سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ

سردی کی نئی لہر اتوار تک برقرار رہ سکتی ہے، محکمہ موسمیات

کراچی:

شہر قائد میں گزشتہ روز کی موسلادھار بارش کے بعد یخ بستہ ہواؤں سے موسم انتہائی سرد ہوگیا جس کے سبب جمعہ کی صبح پارہ سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی شمال مغربی سمت کی ہوائیں مزید شدت کے ساتھ اثرانداز ہوگئیں، کوئٹہ کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 20 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہو رہی ہے۔

کراچی میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں 3 ڈگری گر گیا، سرکاری سطح پر کم سے کم پارہ 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی نئی لہر اتوار تک برقرار رہ سکتی ہے اور اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی اور سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 26.3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

نارتھ کراچی میں 20،​ گلشنِ معمار میں 17.6، بحریہ ٹاؤن فیز 5 میں 14.2 ،سعدی ٹاؤن میں 10 ملی میٹر بارش ہوئی۔

متعلقہ

Load Next Story