بچی کی بالیاں نوچنے والا پولیس تحویل سے فرار ملزم مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار

ملزم کو برآمدگی اور نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ پولیس تحویل سے فرار ہوگیا تھا

(فوٹو : فائل)

راولپنڈی:

معصوم بچی کے کانوں سے سونے کی بالیاں نوچنے میں ملوث ملزم کو تھانہ دھمیال کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران ملزم کے 2 ساتھی فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

چند روز قبل اشرف کالونی کے علاقے میں گلی میں کھیلتی 3 سے 4 سالہ بچی کے کانوں سے سونے کی بالیاں نوچ کر فرار ہونے والے ذیشان نامی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر کے تفتیش شروع کی تھی، ساتھ ہی بچی کے کانوں سے نوچی گئی سونے کی بالیاں بھی برآمد کرلی تھیں، تاہم گزشتہ شب ملزم کو مزید شواہد کی برآمدگی اور نشاندہی کے لیے پولیس تحویل میں لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران وہ فرار ہو گیا۔

پولیس نے فوری طور پر ملزم کا تعاقب شروع کیا اور ایک مقام پر ملزم کی اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا گیا۔ پولیس کے مطابق اس دوران 3 ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی فائرنگ کی گئی۔ کراس فائرنگ کے نتیجے میں ملزم ذیشان زخمی حالت میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا جب کہ اس کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

مبینہ مقابلے کی اطلاع ملنے پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے جب کہ زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس دوران فرار ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم تھانہ دھمیال کے علاقے میں معصوم بچی کے کانوں سے زبردستی بالیاں اتار کر فرار ہونے کے مقدمے کے علاوہ اغوا کے مقدمے میں بھی ملوث ہے اور ریکارڈ یافتہ ملزم ہے۔

Load Next Story