لاہور: نجی کالج کے مغوی سی ای او کو اغواء کاروں نے رہا کردیا
جوہر ٹاؤن سے نجی کالج کے اغوا ہونے والے سی ای او عابد وزیر خان کو اغواء کاروں نے رہا کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق عابد وزیر خان بخیریت اپنے گھر پہنچ گئے ہیں اور ان کی طبی حالت تسلی بخش ہے، اغواء کی واردات کے حوالے سے تفتیش جاری ہے جبکہ اغواء کاروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تفتیش مکمل ہونے کے بعد اغواء کے واقعے سے متعلق تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ 22 جنوری کو تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج ایف آئی آر کے مطابق عابد وزیر خان کو آفس سے جاتے ہوئے راستے سے اغوا کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ عابد وزیر خان اغوا کے وقت خاتون جنرل مینجر کے ساتھ فون لائن پر تھے، خاتون نے فون پر نامعلوم شخص کی آواز سنی۔ نامعلوم شخص نے مغوی کو کہا کہ تم نے میری گاڑی کا ایکسیڈینٹ کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان مغوی کو لیکر ملتان روڈ سمیت مختلف علاقوں میں گھومتے رہے، مانگا منڈی کے قریب مغوی کی گاڑی کی لوکیشنز ٹریس ہوتی رہیں۔ ابتدائی تفتیش میں اغواء کاروں کی تعداد تین سامنے آئی، ملزمان بظاہر مغوی کو لیکر شہر سے باہر جانا چاہتے تھے، مانگا منڈی ملحقہ علاقوں میں پولیس کی چھ ٹیمیں روٹ ٹریکنگ کررہی ہیں۔
عابد وزیر کو تاوان کے لیے اغواء کیا گیا یا وجہ کچھ اور ہے تفتیش جاری ہے، مغوی کا تفصیلی بیان ریکارڈ کیا جائے گا، ملزمان کو جلد ٹریس کرکے گرفتار کرلیا جائے گا۔