مصطفیٰ کمال کا کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے بیان پر ترجمان بلاول ہاؤس کا سخت ردعمل

مصطفیٰ کمال کو سیاسی طور نیند میں چلنے کی بیماری ہے، ترجمان بلاول ہاوَس

کراچی:

ترجمان بلاول ہاوَس و رکنِ سندھ اسمبلی سریندر ولاسائی نے وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کے کراچی کے وفاق کے حوالے کرنے سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔

ترجمان بلاول ہاوَس نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کو سیاسی طور نیند میں چلنے کی بیماری ہے، جس کی حیثیت کاوَنسلر کی نہ ہو اسے وفاقی وزیر بنایا جائے گا تو اس کے پاوَں زمین پر ہوں گے نہ ہوش سالم۔

سریندر ولاسائی نے کہا کہ مصطفیٰ کمال دوسروں کی انگلی پکڑ کر چلنے والا وہ سیاسی چھوٹو ہے جس کہ سیاست اپنی ہے نہ سوچ، اگر حادثات کی بنیاد پر شہروں کو وفاق کے حوالے کرنا درست ہوتا تو لاہور کب کا اسلام آباد کے کنٹرول میں ہوتا۔

ترجمان نے کہا کہ لاہور میں الفتح شاپنگ مال کو دو بار، حفیظ سینٹر کو تین بار اور پیس کو دو بار آگ لگی لیکن شاپنگ مالز میں آتشزدگی کے مذکورہ واقعات کے بعد کسی نے یہ مطالبہ نہیں کیا کہ لاہور کو وفاق کے حوالے کیا جائے۔

ترجمان نے سوال کیا کہ خدانخواستہ اگر اسلام آباد میں آتشزدگی کا کوئی حادثہ ہوجائے تو پھر اسے کس کے حوالے کیا جائے گا۔

سریندر ولاسائی نے کہا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے غیر منطقی بیانات کے پیچھے تعصب، تقسیم، تخریب اور تشدد کی سیاست ہے۔

انکا کہنا تھا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا بیان غیر آئینی، غیر حقیقت پسندانہ اور پاکستان دشمن سوچ ہے۔ عوام کراچی کو سندھ سے علحیدہ کرنے دیں گے نہ پاکستان کے وفاق کو کمزور۔

ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی لیگسی کو آگے بڑھا رہے ہیں جو چاروں صوبوں کی زنجیر تھیں۔

متعلقہ

Load Next Story