راولپنڈی: واٹس ایپ پر جعلی بھانجا بن کر لاکھوں کا فراڈ کرنے والا گروہ بے نقاب
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے واٹس ایپ پر رشتے دار بن کر لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے والے گروہ کو بے نقاب کر دیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم دانش توقیر شہریوں سے رشتے دار بن کر فراڈ کی وارداتیں کر رہا تھا، جسے کلر کہار سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم خود کو ’جعلی بھانجا‘ ظاہر کر کے لوگوں سے ہنگامی ضرورت کا بہانہ بنا کر رقم بٹورتا تھا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا، جس کے ذریعے وہ شہریوں سے رابطہ کرتا تھا۔ این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی سے ایک بڑے آن لائن فراڈ کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
ادارے کی جانب سے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا یا واٹس ایپ پر کسی بھی نامعلوم یا مشتبہ ’’رشتے دار‘‘ کی جانب سے رقم کے مطالبے پر اندھا دھند یقین نہ کریں، بلکہ رقم دینے سے قبل لازمی طور پر فون کال کے ذریعے تصدیق کریں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کے بارے میں بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔