پنجاب حکومت کا دوسروں کی زمینوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو اپنے کھیت کا مالک بنانے کا تاریخی فیصلہ
پنجاب حکومت نے مزدور اور مزارع بن کر دوسروں کی زمینوں پر ہل چلانے والے کسانوں کو اپنے کھیتوں کا مالک بنانے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ”اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام“ شروع کیا جائے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 32ویں اجلاس ہوا جس میں تاریخی فیصلے کیے گئے۔
پنجاب حکومت کے مطابق پنجاب کی زرعی سرکاری اراضی اب اشرافیہ کے لیے نہیں، غریب کے روزگار کے لیے وقف ہوگی، صوبے بھر میں زرعی سرکاری اراضی کاشت کے لیے دی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق 50 ہزار افراد کو کاشت کے لیے سرکاری زمین دینے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
اب تحصیل میں بھی شاندار گرین بس چلیں گی
فیصلہ کیا گیا کہ اضلاع کے بعد اب تحصیل میں بھی شاندار گرین بس چلیں گی، تحصیلوں میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے کے لیے ایک ہزار گرین بسیں منگوانے کی ہدایت کی گئی۔
الیکٹرو بس میں 25مارچ سے کیش لیس ادائیگی سسٹم نافذ کیا جائے گا
الیکٹرو بس میں 25مارچ سے کیش لیس ادائیگی سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، کیش ادائیگی کی صورت میں مسافر کو الیکٹرک بس میں زیادہ کرایہ ادا کرنے پڑے گا، کابینہ نے ٹی کیش کارڈ، بینک کارڈ سسٹم 25 مارچ سے نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔
تمام اضلاع میں ہارس اینڈ کیٹل شو کرانے کی ہدایت
وزیراعلی نے تاجر طبقے کے لیے قوانین میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کا حکم دیا۔پنجاب کی ثقافت اور لائیو اسٹاک کے فروغ کے لیے تمام اضلاع میں ہارس اینڈ کیٹل شو کرانے کی ہدایت کی اور ہر ضلع میں ہارس اینڈ کیٹل شو کی طرز پر تقریبات منعقد کرانے کا حکم دیا۔
موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کی گئی جس کے تحت اب 16 سے 18 سال کے لیے ڈرائیونگ پرمٹ مل سکے گا۔
141 ڈاکو سرینڈر کر چکے،بریفنگ
کچے کے ڈاکوؤں کے معاملے پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں کچے کے علاقے سے 141 ڈاکو سرینڈر کر چکے ہیں، تھرمل ڈرون اور کیمرے کے ذریعے سندھ سے لائے جانے والے یرغمالیوں کی نشاندہی کرکے رہائی ممکن ہوئی۔
کابینہ نے اسکول مینجمنٹ کونسل پالیسی میں ترامیم کی منظوری دے دی۔
پیرا ویٹرنری فیلڈ اسٹاف کے لیے فکسڈ ٹریولنگ الاؤنس دو ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی منظوری دی گئی۔
ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم (DVRS) ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی سروس میں توسیع کردی گئی۔ موٹر ٹرانسپورٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی سروس میں توسیع کرید گئی۔