قانون کی خلاف ورزی کرونگا، 10 سال کے جوانوں کی شادیاں کرواؤں گا، مولانا فضل الرحمان

میں آپ کے قانون کو چیلنج کرتا ہوں کہ آپ میرا مقابلہ کیسے کرتے ہیں، سربراہ جے یو آئی کا حکومت چیلنج

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ میں 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کی قانون سازی کو غیر اسلامی سمجھتا ہوں۔

مولانا فضل الرحمان  نے کہا کہ اس قانون سازی کو اسلامی نظریاتی کونسل بھیجتے تو اچھا ہوتا، میں آپ کے قانون کی خلاف ورزی کروں گا، 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کی شادیاں کراؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنا شدید احتجاج ایوان میں ریکارڈ کرا رہا ہوں، ہم ایسے قوانین اس ملک میں نہیں چلنے دیں گے، میں آپ کے اس مائنڈ سیٹ کے خلاف ہوں جس نے یہ قانون بنایا، یہ ڈنگ ٹپاؤ کی سیاست مناسب نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شریعت کا معاملہ ہو تو اُسے اسلامی نظریاتی کونسل بھیج دیا جائے لیکن یہاں قانون کے پیچھے لکھا ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ یا آئی ایم کی شرط تو ہم نے اس آئین کا حلف اٹھایا ہے یا تو پھر اسلامی جمہوریہ سے لفظ ’اسلامی‘ ہٹا دیں‘۔ ہم اس قانون کو ملک میں چلنے نہیں دیں گے۔

آپ نے جس طرح کی آئینی ترامیم کی ہیں میں اعلان کرتا ہوں کہ میں سرعام ان کی خلاف ورزی کروں گا اور 15 سال، 16 سال اور 10 سال کے جوانوں کی شادیاں کرواؤں گا اور ان میں خود بیٹھوں گا۔ میں آپ کے قانون کو چیلنج کرتا ہوں کہ آپ میرا مقابلہ کیسے کرتے ہیں۔

Load Next Story