سوست ڈرائی پورٹ: عوامی ریلیف، علاقائی خوشحالی اور قومی ترقی کی جانب اہم پیش رفت
سوست ڈرائی پورٹ پر حکومتی اقدامات کے نتیجے میں گلگت بلتستان کے عوام کو سہولیات اور ترقی کے نئے مواقع میسر آنا شروع ہو گئے ہیں۔
سوست ڈرائی پورٹ سی پیک کا کلیدی تجارتی گیٹ وے ہے، جو پاک چین زمینی تجارت کے لیے مرکزی راستے کی حیثیت رکھتا ہے۔
حکام کے مطابق سوست بندرگاہ گلگت بلتستان سے کراچی تک قومی سپلائی چین اور تجارتی نظام کی ریڑھ کی ہڈی سمجھی جاتی ہے۔ ڈرائی پورٹ پر بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں سے قومی خزانے کو استحکام حاصل ہو رہا ہے، جہاں گزشتہ سال تقریباً 22 ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا گیا، جو ملکی معیشت کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی ٹیکس ریلیف کسی مخصوص طبقے تک محدود نہیں بلکہ اس کے فوائد قیمتوں میں کمی، مقامی تجارت کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع کی صورت میں عام عوام تک پہنچیں گے۔ سوست ڈرائی پورٹ کی بہتر سہولیات سے مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا، جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق سوست ڈرائی پورٹ کی مکمل فعالیت معاشی ترقی کی ضامن ہے، تاہم اس امر کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ اس کے ثمرات حقیقی معنوں میں مقامی عوام تک پہنچیں، تاکہ علاقائی خوشحالی کے ساتھ ساتھ قومی ترقی کا عمل بھی مستحکم ہو سکے۔