برف باری کے دوران تیراہ سے عارضی انخلاء کرنے والوں کیلئے پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری
پاک فوج کی جانب سے برف باری کے دوران تیراہ سے عارضی انخلاء کرنے والے شہریوں کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
برف باری اور شدید سرد موسم کے دوران پاک فوج تیراہ سے آنے والی سڑکوں سے برف ہٹانے میں مشغول ہے تاکہ تیراہ کے مکین آسانی سے نقل مکانی کر سکیں، برف باری کے دوران پاک فوج اور مقامی انتظامیہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنا رہی ہے۔
پاک فوج نے 20 پھنسے ہوئے شہریوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کردیا، پاک فوج کی جانب سے تیراہ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس میں متاثرین کے لئے 200 بستروں کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔
متاثرہ افراد کو خوراک، گرم رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات مسلسل فراہم کی جا رہی ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے ٹرانسپورٹ اور نقل مکانی کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے انجام دیا جا رہا ہے، بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کی خصوصی دیکھ بھال کے لیے الگ انتظامات کیے گئے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں فوری بحران کی تشخیص اور صورتحال کی نگرانی کے لیے ٹیمیں موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت حل نکالا جا سکے۔ وادی تیرہ میں بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کی خصوصی دیکھ بھال کے لیے الگ انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پاک فوج کی جانب سے برف باری کے دوران کالام اور مہمند میں پھنسے شہریوں اور سیاحوں کیلئے بھی امدادی سرگرمیاں شب و روز جاری ہیں۔
برف باری اور شدید سرد موسم کے دوران پاک فوج کے جوان کالام ، مہمند میں سیاحوں کو ریسکیو کر رہے ہیں۔ پاک فوج نے برف میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکال کر شہریوں اور سیاحوں کو باحفاظت ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
کالام میں برف باری کے دوران پاک فوج اور مقامی انتظامیہ مل کر سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنا رہی ہے، پاک فوج اورمقامی انتظامیہ کی امدادی کارروائیوں کے بعد کالام میں مٹلتان بازار کو شہریوں اور سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا۔
سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے بھاری مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ علاقہ مکینوں اور سیاحوں نے پاک فوج کے شاندار ریسکیو آپریشن کو سراہا اور دل کی گہرائیوں سے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔