سانحہ گل پلازہ، ریسکیو آپریشن اور ملبہ اٹھانے کے دوران سنگین غفلت کا مظاہرہ
فوٹو: فائل
گل پلازہ آتشزدگی کے واقعے کے ریسکیو آپریشن اور ملبہ اٹھانے کے عمل کے دوران سنگین غفلت کا مظاہرہ کرنے کا واقعہ سامنے آگیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گل پلازہ آتشزدگی کا ملبہ لے جانے والے ڈمپر سے انسانی باقیات سڑک پر گر گئیں اور لوگوں نے سڑک پر گرنے والی انسانی باقیات کو سول اسپتال منتقل کر دیا۔
انتظامیہ ملبے تلے لوگوں کی باقیات کے باعث محتاط انداز میں سرچ آپریشن کا دعویٰ کررہی تھی لیکن ملبہ لے جانے والے ڈمپر سے انسانی باقیات کی برآمدگی نے انتظامی احتیاط کی قلعی کھول دی ہے۔
ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ ڈمپر سے انسانی باقیات ملنا غلط فہمی کے باعث ہوا تھا، ایک پیکٹ غلطی سے چلا گیا تھا اسے ریکور کرلیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمارت کا 90 فیصد حصہ کلئیر کردیا گیا ہے، اگر حساس جگہ ہے تو ملبے کو احتیاط سے اٹھا رہے ہیں، اب تک 10 سے 11 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کل سے ہماری فہرست 82 افراد کی ہے، اب بھی اگر کوئی لاپتا ہے تو آجائیں اندراج کرائیں، 71 افراد کی لاشیں اب تک مل چکی ہیں
ڈی سی ساؤتھ نے بتایا کہ ملبہ اٹھانے کا کام کافی وقت طلب ہے، سرچ آپریشن آج رات تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈی وی آر پولیس کے حوالے کر دیا ہے، ڈی وی آر فارنزک کے لیے بھیج دیا ہے۔
ملبے سے ڈیڑھ کلو سونا برآمد
ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ گل پلازہ کے ملبے سے ریسکیو ٹیموں کو ڈیڑھ کلو سونا مل گیا اور اس کی مالیت 6 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملبے سے نکلنے والا سونا مارکیٹ انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا
گل پلازہ میں آپریشن کے حوالےسے ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ گل پلازہ میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ریسکیو ٹیم کی جانب سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو کے ادارے بیسمنٹ میں جانے کا راستہ بنا رہے ہیں، بیسمنٹ میں داخل ہونے کے بعد دوبارہ سرچنگ کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ایس ایس پی سٹی نے بتایا کہ اندیشہ ہے کہ بیسمنٹ بھی لاشیں ہوسکتی ہیں۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ ڈی وی آر اب تک مکمل نہیں ملا ہے، ڈی وی آر ہارڈ ڈسک مسنگ ہے، مطلوبہ ڈی وی آر کے حوالے سے کوشش جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقدمہ وزیر اعلیٰ کی بنائی ہوئی کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر درج کیا جائے گا۔
اب تک 300 دکاندار کوائف جمع کراچکے ہیں، صدر گل پلازہ
گل پلازہ ایسوسی ایشن کے صدر تنویر پاستا نے بتایا کہ اب تک 300 کے لگ بھگ دکان دار اپنے کوائف جمع کروا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چیمبر آف کامرس کے کیمپ پر دکان دار تمام تفصیلات جمع کر وارہے ہیں۔