معروف بھارتی اداکار رہائشی عمارت پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار

دوران تفتیش اداکار نے تسلیم کیا کہ انہوں نے اپنے لائسنس یافتہ اسلحے سے فائرنگ کی تھی

بھارتی شہر ممبئی کے مغربی مضافاتی علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں اداکار اور فلم ناقد کمال راشد خان المعروف کے آر کے کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اندھیری کے اوشیوارہ علاقے میں واقع نالندہ سوسائٹی میں 18 جنوری کو پیش آیا تھا، جہاں دو گولیاں چلنے کی اطلاع ملی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ کے آر کے کو جمعہ کی رات دیر گئے پوچھ گچھ کے لیے اوشیوارہ پولیس اسٹیشن لایا گیا، جہاں کے آر کے نے اپنے بیان میں تسلیم کیا کہ انہوں نے اپنے لائسنس یافتہ اسلحے سے دو فائر کیے تھے۔

تفتیش کے دوران سوسائٹی کے احاطے سے دو گولیاں بھی برآمد ہوئیں، جن میں سے ایک دوسری منزل اور دوسری چوتھی منزل سے ملی۔

پولیس کے مطابق ان میں سے ایک فلیٹ ایک مصنف و ہدایتکار کی ملکیت ہے جبکہ دوسرا فلیٹ ایک ماڈل کے نام پر درج ہے۔

ابتدائی طور پر پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج سے کوئی خاص سراغ نہیں ملا، جس کے باعث تفتیش میں دشواری پیش آئی۔

تاہم بعد میں فرانزک جانچ کے دوران اشارہ ملا کہ گولیاں قریبی واقع کے آر کے کے بنگلے سے چلائی گئی ہو سکتی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے پیچھے اصل مقصد تاحال واضح نہیں ہو سکا۔

اس معاملے میں اداکار کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) اور آرمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Load Next Story