راولپنڈی میں 14 سالہ بچی اغوا کے بعد بے دردی سے قتل
راولپنڈی میں 14 سالہ بچی کو اغوا کے بعد بے دردی سے قتل کردیا گیا۔
راولپنڈی ڈھوک حسو سے دو روز قبل لاپتہ ہونے والی چودہ سالہ بچی کی بوری بند لاش لیڈیز پارک کیرج فیکٹری روڈ سے برآمد ہوئی۔
چودہ سالہ مصباح 22 جنوری کو گھر سے دوکان پر بوتل لینے گئی لیکن واپس گھر نہیں آئی اور لاپتہ ہو گئی تھی، بچی کے اغواء کا مقدمہ 23 جنوری کو تھانہ رتہ امرال میں اسکے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
مدعی مقدمہ نے بچی کی لاش کو شناخت کرلیا، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کے مطابق بچی کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا گیا یا نہیں یہ بات پوسٹ مارٹم میں سامنے آئے گی۔
لاش ملنے کی اطلاع پر ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹیگیشن، ایس پی راول پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، موقع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، وقوعہ کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔