پاکستان اور امریکا کا جعلی ویزا نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن پر اتفاق
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکہ تعلقات اور باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور پری امیگریشن کلیرنس نظام کی افادیت پر بات چیت ہوئی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً پولیس ٹریننگ کیلئے ہر سطح پر اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں جعلی و فراڈ ویزا نیٹ ورکس کیخلاف جامع ایس او پیز کے تحت مشترکہ کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سفیر سے گفتگو میں کہا کہ ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی ہے، اس ضمن میں امریکی تعاون کا خیر مقدم کریں گے، جعلی ویزا نیٹ ورکس کیخلاف کارروائی کی خود نگرانی کر رہا ہوں، پاسپورٹ کو جدید ٹیکنالوجی سے فول پروف بنایا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن سنجیدہ مسئلہ ہے، غیر قانونی طور پر امریکہ جانے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، حکومت کے موثر اقدامات سے غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی، جعلی دستاویزات کے نیٹ ورکس میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔
امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، ہماری ترجیحات ایک ہیں، دونوں ممالک میں باہمی تعاون کے فروغ اور تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔