کوہستان مالیاتی اسکینڈل؛ پلی بارگین کے خواہاں 2 ملزمان کو جیل سے نکال دیا گیا
(فوٹو: فائل)
کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں پلی بارگین کے خواہاں 2 ملزمان کو جیل سے نکال دیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں گرفتار 2 ملزمان کی پلی بارگین سے متعلق معاملہ سامنے آ گیا ہے۔ نیب کے مطابق اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں گرفتار ملزمان قیصر اقبال اور ممتاز کو ضمیمہ ب پر جیل سے نکال دیا گیا ہے۔
نیب کا کہنا ہے کہ دونوں گرفتار ملزمان پلی بارگین کرنا چاہتے ہیں، جس کے باعث انہیں پلی بارگین کے قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے جیل سے باہر نکالا گیا ہے۔ نیب کے مطابق قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد دونوں ملزمان کو پیر کے روز دوبارہ جیل بھیج دیا جائے گا۔
نیب نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قیصر اقبال اور ممتاز اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل کے مرکزی ملزمان ہیں۔ نیب کے مطابق ملزمان کے بینک اکاؤنٹس میں بھاری ٹرانزیکشنز سامنے آئی ہیں جب کہ دونوں ملزمان کے اربوں روپے کے اثاثے بھی سامنے آ چکے ہیں۔ نیب کا کہنا ہے کہ دونوں گرفتار ملزمان پلی بارگین کے خواہاں ہیں۔