پاکستان کے ایران اور امارات کے ساتھ سفارتی و معاشی روابط مزید مستحکم

وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایرانی وزیر خارجہ کی ٹیلیفونک گفتگو اور اماراتی حکومتی رہنما سے اہم ملاقات

پاکستان کے ایران اور امارات کے ساتھ سفارتی و معاشی روابط دن بہ دن مزید مستحکم ہوتے جا رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں   دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے اور عالمی سطح پر جاری اہم پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران سے متعلق قرارداد پر پاکستان کے اصولی مؤقف، ووٹنگ کے مطالبے اور قرارداد کے خلاف ووٹ دینے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے گہری قدردانی اور تشکر کا اظہار بھی کیا۔

علاوہ ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکومتی و کاروباری رہنما، جاسم محمد بو عطابہ الزعابی سے ملاقات کی، جو ابوظبی ڈیپارٹمنٹ آف فنانس کے چیئرمین، سپریم کونسل برائے مالی و اقتصادی امور کے سیکریٹری جنرل، اتصالات (e&) کے چیئرمین اور ابوظبی ہولڈنگ کمپنی (ADQ) کے وائس چیئرمین ہیں۔

ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو دوطرفہ شراکت داری کی مضبوط بنیاد قرار دیا گیا۔ اس موقع پر  فریقین نے پاک یو اے ای تجارت اور اقتصادی تعاون کا جائزہ  بھی لیا۔

ملاقات میں پاکستان میں یو اے ای کی سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر غور کیا اور اتصالات (e&) کی پاکستان میں جاری سرمایہ کاری، بالخصوص پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) میں اس کے شیئرز کے حوالے سے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے نجی شعبے اور شراکت دار ممالک کی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا  اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے   پی ٹی سی ایل سے متعلق دیرینہ مسائل کے بروقت حل اور مستقبل کی ترقی کے لیے قریبی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

جاسم محمد بو عطابہ الزعابی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، موجودہ مسائل کے حل اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مکمل تعاون اور عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے قیادت کی رہنمائی کے مطابق زیر التوا معاملات کے جلد حل اور تجارت، سرمایہ کاری و مشترکہ منصوبوں کے نئے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں سفیر شفقت علی خان، ٹریڈ کونسلر علی زیب، قائم مقام قونصل جنرل فواد علی خان اور تھرڈ سیکریٹری فراز ارشد شریک تھے  جب کہ یو اے ای کی جانب سے اتصالات یو اے ای کے سی ای او مسعود محمد شریف موجود تھے۔

Load Next Story