سانحہ گل پلازہ؛ ملبے سے برآمد ہونے والا ڈیڑھ کلو سونا کس کا تھا؟

ریسکیو ٹیمیں احتیاط کے ساتھ ملبہ ہٹا رہی ہیں تاکہ قیمتی اشیا اور ممکنہ انسانی باقیات کو نقصان نہ پہنچے، ڈپٹی کمشنر جنوبی

کراچی:

سانحہ گل پلازہ میں منہدم عمارت کے ملبے سے  ملنے والے ڈیڑھ کلو سونے سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گل پلازہ میں آگ لگنے کے بعد منہدم ہونے والی عمارت کا ملبہ اٹھانے کا عمل بدستور جاری ہے، جہاں آج سرچ آپریشن کے دوران ڈیڑھ کلو سونا برآمد ہوا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سونا اس مقام سے ملا جہاں پہلے جیولری کی دکان قائم تھی، جس کے بعد برآمد شدہ سونا دکان کے اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جاوید نبی کھوسو کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں احتیاط کے ساتھ ملبہ ہٹا رہی ہیں تاکہ قیمتی اشیا اور ممکنہ انسانی باقیات کو نقصان نہ پہنچے۔ انتظامیہ کے مطابق ملبے میں اب بھی کئی ایسے حصے موجود ہیں جہاں مکمل رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔

دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید نے بتایا ہے کہ اب تک 71 لاشوں اور انسانی باقیات کے نمونے حاصل کیے جا چکے ہیں، جن میں سے ڈی این اے ٹیسٹنگ کے ذریعے 16 افراد کی شناخت مکمل ہو گئی ہے۔ جلنے کی وجہ سے ڈی این اے عمل پیچیدہ ہو چکا ہے، جس سے شناخت میں وقت لگ رہا ہے۔

گل پلازہ منیجمنٹ کمیٹی کے صدر تنویر پاستا کے مطابق سانحے کے نتیجے میں 10 ارب روپے سے زائد مالی نقصان ہوا ہے جب کہ اب بھی چند متاثرین کی لاشیں یا باقیات نہیں مل سکیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق عمارت کا تقریباً 10 سے 15 فیصد حصہ تاحال مکمل طور پر کلیئر نہیں ہو سکا، جہاں آج سرچنگ کی  جا رہی ہے۔

متعلقہ

Load Next Story