خیبر پختونخوا میں کل سے بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ، پی ڈی ایم اے کا انتباہ جاری
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں اتوار کی رات سے شدید بارش اور مزید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 25 سے 27 جنوری کے دوران بالائی اضلاع کو متاثر کر سکتا ہے، جس سے موسم کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش اور برفباری کا امکان ہے جب کہ ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اُدھر ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکوں پر پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خدشات بھی سامنے آئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے، مشینری تیار رکھنے اور ہنگامی ردعمل کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔