بھارتی ایئرلائنز کا سنگین بحران، انڈیگو کی پرواز کو 5 روز میں دوسری مرتبہ بم کی دھمکی
فوٹو: فائل
بھارت میں فضائی سلامتی اور قومی ایئرلائنز کی مالی حالت سنگین بحران کی واضح تصویر پیش کر رہی ہے جہاں انڈیگو کی پرواز کو 5 روز میں دوسری مرتبہ بم کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی سے پونے جانے والی انڈیگو کی پرواز کو صرف 5 دنوں میں دوسری مرتبہ بم کی دھمکی موصول ہوئی، جس پر ایئر ٹریفک کنٹرول نے فوری طور پر ایپرن کنٹرول کو اطلاع دی، جس کے بعد طیارے کو آئسولیشن بے میں منتقل کر دیا گیا۔
رواں ہفتے کے دوران ہی انڈیگو کی ایک اور پرواز کو سکیورٹی دھمکی کے بعد لکھنؤ منتقل کیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق ایک ہی روٹس پر بار بار بم دھمکیاں بھارتی فضائی سلامتی کے نظام کی کمزوری کو بے نقاب کر رہی ہیں جبکہ ان واقعات کو حکومتی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی منظم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی جریدے بلومبرگ نے بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کے برعکس اصل معاشی اور انتظامی بحران کو منظرِ عام پر لایا ہے اور رپورٹ میں بتایا کہ ایئر انڈیا لمیٹڈ کو رواں مالی سال میں ریکارڈ سالانہ خسارے کا سامنا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق جون میں ہونے والے ڈریم لائنر کے مہلک حادثے میں 240 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد ایئر انڈیا کو تقریباً 1.6 ارب ڈالر کے نقصانات برداشت کرنا پڑیں گے اور پاکستان کی جانب سے بھارتی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود کی بندش کے باعث نقصانات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کے بعد بھارتی ایئرلائنز کو یورپ اور امریکا کے لیے طویل، پیچیدہ اور مہنگے راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے ایوی ایشن اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
بزنس انٹیلیجنس پلیٹ فارم ٹوفلرکے مطابق ایئر انڈیا نے گزشتہ تین سال میں 322.1 ارب روپے کا نقصان اٹھایا ہے، جو بھارتی ایوی ایشن سیکٹر میں شدید بدانتظامی اور سیاسی مداخلت کی واضح مثال ہے۔
ماہرین کے مطابق ایئر انڈیا کا بڑھتا ہوا خسارہ سیاسی دباؤ، ناقص انتظام اور حفاظتی غفلت کا نتیجہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون میں ہونے والا حادثہ بھارتی ایوی ایشن تاریخ کی سنگین حفاظتی ناکامیوں میں شمار کیا جا رہا ہے اور پاکستانی فضائی حدود کی بندش نے بھارتی ایئرلائنز کے اخراجات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے جبکہ بھارتی ایوی ایشن سیکٹر پہلے ہی تاخیر، پروازوں کی منسوخی اور انتظامی بحران کا شکار تھا۔