کراچی میں شدید سردی کی وجہ سے ایک شہری جاں بحق
—فائل فوٹو
شہر قائد میں خون جما دینے والی سردی کے باعث مبینہ طور پر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قائد آباد میں گراونڈ سے ایک شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر جاں بحق ہوگیا، پولیس کا دعویٰ ہے کہ متوفی ممکنہ طور پر سردی لگنے کے سبب جاں بحق ہوا ہے۔
قائد آباد تھانے کے ہیڈ محرر جہانگیر نے بتایا کہ قائد آباد لانڈھی شیرپاؤ سواتی محلہ نزد نیا قبرستان کے قریب کھیل کے میدان میں لگنے ہوئے جھولے کے نیچے سے ایک شخص کی لاش ملی جو کہ بچوں کے جھولوں کا کام کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متوفی جھولے کے نیچے سو رہا تھا اور ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ وہ ممکنہ طور پر سردی لگنے سے جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 55 سالہ سلطان زہین خان کے نام سے ہوئی ہے۔
متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ متوفی 2 بچوں کا باپ اور اسی علاقے کا رہائشی تھا جبکہ اس کی اہلیہ بھی انتقال کرچکی ہے۔
متوفی کے بچے اس کے بھانجے کے ساتھ رہتے ہیں تاہم پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ دو روز سے یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے رات کے وقت درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں آرہا ہے، گزشتہ روز 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ اس کو محسوس کرنے کا ٹمپریچز 5 ڈگری تک تھا۔