کراچی؛ بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورنے والی خاتون گرفتار
فوٹو: ایف آئی اے
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائی کے دوران بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورنے والی خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسداد انسانی سرکل کراچی نے کارروائی کے دوران بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے رقوم بٹورنے میں ملوث خاتون کو کراچی سے گرفتار کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمہ نے شہری کو ناروے بھجوانے کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ روپے وصول کیے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی اے کراچی زون کو ملزمہ کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوئیں جبکہ ملزمہ کسی قسم کا اوورسیز امپلائمنٹ پروموٹر لائسنس فراہم کرنے میں ناکام رہی۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ کے خلاف تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔