چین سے تجارتی معاہدہ کیا تو اشیا پر 100 فیصد ٹیرف لگے گا، ٹرمپ کی کینیڈا کو دھمکی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو چین سے تجارتی معاہدے کی صورت میں 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے دی۔
ہفتے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو خبردار کیا کہ اگر اس نے چین کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ کیا تو امریکا کینیڈا سے آنے والی تمام اشیا پر 100 فیصد ٹیرف عائد کر دے گا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ ٹروتھ سوشل‘‘ پر لکھا کہ اگر کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی یہ سمجھتے ہیں کہ وہ کینیڈا کو چین کے لیے ایک ‘‘ڈراپ آف پورٹ’’ بنا دیں گے جہاں سے چینی مصنوعات امریکا میں داخل ہوں، تو وہ سخت غلط فہمی میں ہیں۔ ہم چینی مصنوعات امریکا نہیں آنے دیں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ چین کینیڈا کے سماجی ڈھانچے کو نگل جائے گا۔ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ کینیڈاگرین لینڈ کے اوپر مجوزہ امریکی میزائل دفاعی منصوبے گولڈن ڈوم کی مخالفت کر کے شمالی امریکا کی سلامتی کو کمزور کر رہا ہے حالانکہ یہی دفاعی نظام اس کے تحفظ کا ضامن بھی بن سکتا ہے۔
اس کے برعکس کینیڈا چین کے ساتھ قریبی اقتصادی تعلقات کو ترجیح دے رہا ہے۔ بیجنگ پہلے ہی سال میں اوٹاوا کو ہڑپ کر لے گا۔ ٹرمپ نے ہفتے کے روز ٹروتھ سوشل پر اپنی پوسٹ میں کینیڈا کے وزیرِاعظم کو ’’ گورنر کارنی ‘‘ کہہ کر مخاطب کیا۔
دریں اثنا کینیڈا نے نیٹو افواج اور البرٹا سے متعلق امریکی بیانات مسترد کر دیے اور کہا تاریخ کو ازسرِ نو تحریر نہیں کیا جا سکتا۔ واضح رہے حالیہ دنوں میں امریکی صدر ٹرمپ اور کینیڈین وزیرِاعظم مارک کارنی کے درمیان کشیدگی میں اْس وقت اضافہ ہوا کہ جب کارنی نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ایک تقریر کی جس میں انھوں نے دنیا کی بڑی طاقتوں کے خلاف مؤقف اختیار کیا۔
اسی دوران انھوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور اعلان کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے جس میں دونوں ممالک نے الیکٹرک گاڑیوں سمیت کئی شعبوں میں تجارتی معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔
16 جنوری 2026 کو چینی صدر شی جن پنگ اور کینیڈین وزیرِاعظم مارک کارنی کے درمیان بیجنگ میں اہم ملاقات کے بعد تجارتی معاہدے کے تحت محصولات میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔
چین نے کینیڈین کینولا آئل پر محصولات 85 فیصد سے کم کر کے 15 فیصد کرنے کا اعلان کیا جو یکم مارچ سے نافذ ہوگا اور کینیڈا نے چینی برقی گاڑیوں پر محصولات کو 6.1 فیصد پر مقرر کرنے پر اتفاق کیا۔