پنجاب کے 51 شہروں میں ”مریم نواز کا سوہنا پنجاب“ پراجیکٹس پر کام شروع
پنجاب کے 51 شہروں میں ”مریم نواز کا سوہنا پنجاب“ پراجیکٹس پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کے سوہنے پنجاب کے تحت پنجاب کے ہر شہر میں سیوریج مہیا ہوگا، سڑکیں بہترین ہوں گی، تحفظ یقینی ہوگا اور صحت تمام بنیادی سہولتیں لازم ہونگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کو مزید حسین بنانے کا پراجیکٹ جون 2026 تک تکمیل کا حکم دے دیا ہے۔
گوجرانوالہ کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکج ہر گلی، ہر محلے تک ترقی پہنچانے کے لئے 42 ارب 62 کروڑ کا تاریخی پنجاب ڈویلپمنٹ پلان منظور کیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ شہر میں صحت مند اور محفوظ زندگی کے لئے 131 کلومیٹر سیوریج اور 2 کلومیٹر ڈرینیج لائن بچھائی جائے گی۔
گوجرانوالہ میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور 16 مشینری یونٹ بھی مہیا کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے ہر منصوبے کی شفاف اور بروقت تکمیل کے لئے جائزہ لیا گیا۔
ملتان، ڈیرہ غازی خان، بھکر، وہاڑی، وزیرآباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور قصور کے ڈپٹی کمشنرز نے پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کی پیشرفت کے بارے میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو براہِ راست رپورٹس پیش کردی ہیں۔ جس میں پنجاب کے 51 شہروں میں شہری صحت اور بنیادی سہولتیں یقینی بنانے کے لئے 5887 کلومیٹر طویل سیوریج اور 181 ڈرینج لائنیں تعمیر کی جائیں گی۔