ڈی آئی خان؛ شادی کی تقریب میں خودکش حملہ کرنے والا افغانی نکلا، ویڈیو بھی سامنے آگئی
ڈی آئی خان میں شادی کی تقریب کے دوران ہونے والے خودکش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت 21 سالہ عبدالرحمٰن نامی شخص سے ہوئی جو افغان دہشتگرد نکلا۔
فوٹیج کے مطابق خودکش بمبار سفید چادر اوڑھے پنڈال میں داخل ہوا، خودکش بمبار قبائلی رقص کے دوران اچانک پنڈال چھوڑ کر عقب میں واقع ایک کمرے کی طرف گیا، جہاں عقابرینِ علاقہ موجود تھے۔
خودکش حملہ امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے بھتیجے کی شادی کی تقریب میں کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی وجہ سے دہشت گرد اب براہِ راست سیکیورٹی فورسز کا سامنا کرنے کی صلاحیت کھو چکے ہیں۔ دہشت گرد اپنی ناکامی چھپانے اور خوف پھیلانے کے لیے عوامی اجتماعات، مذہبی تقریبات اور نہتے شہریوں جیسے سوفٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ افغانستان اس وقت دہشتگردی کے لیے بیس آف آپریشن ہے اور افغان دہشتگرد پاکستان میں Hired Guns کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔
دہشت گردی میں افغان باشندوں کی شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغان طالبان رجیم دہشت گرد نیٹ ورکس کو ریاستی سطح پر مکمل سرپرستی اور سہولت فراہم کر رہی ہے۔
افغان طالبان رجیم کی منظم سرپرستی میں فتنۃ الخوارج کی دہشتگردی اور خودکش حملے خطے کے لیے ناسور بن چکے ہیں، جن کا جلد از جلد اور فیصلہ کن خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔