راولپنڈی میں گھر کے کنویں سے 7 دن کے بچے کی لاش برآمد
راولپنڈی کے تھانہ جاتلی کے علاقے میں گھر کے کنویں سے 7 دن کے بچے کی لاش برآمد ہوئی۔
پراسرار حالات میں معصوم بچے کی نعش کنویں سے برآمد ہونے پر پولیس نے گھر کے مکینوں کو تحویل میں لے لیا، بچے کے اغوا کا مقدمہ گزشتہ شب بچے کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
کنواں اوپر سے ڈھکا ہوا تھا، سات دن کے معصوم بچے کا ازخود کنویں تک پہنچا ممکن نہیں، پولیس نے شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس نے بچے کے غائب ہونے پر گزشتہ شب بھی کنویں کو چیک کیا تھا لیکن کنواں ڈھکا ہوا ہونے اور رات اندھیرے کے باعث تلاش کا عمل جاری نہ رکھا جاسکا۔
صبح پانی کی موٹر چلانے پر موٹر نے پانی نہ اٹھایا تو مکینوں نے موٹر مکینک کو نیچے بھجوایا، مکینک پولیس کی موجودگی میں کنویں میں اترا تو کنویں سے بچے کی نعش ملی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کہ والدہ چند لمحوں کے لیے بچے کو بستر پر چھوڑ کر گئیں واپس آئی تو بچہ غائب تھا، ایسا لگتا ہے بچے کو مبینہ طور پر کسی نے جان بوجھ کر کنویں میں پھینکا، اُس وقت گھر میں تین سے چار افراد ہی تھے۔
تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، شواہد سامنے آنے پر ایف آئی آر کو قتل میں تبدیل کرکے تفتیش کی جائے گی۔