گھر سے بھاری مالیت کے زیورات اور 15 لاکھ نقد چوری کا معما حل، سگا بھائی   ہی چور نکلا

مدعی مقدمہ فیملی کے ساتھ شادی میں گیا تھا، ملزم نے موقع پا کر واردات کی، پولیس

لاہور:

گھر سے بھاری مالیت کے زیورات اور لاکھوں کی نقدی چوری ہونے کا معما حل ہوگیا، جس میں مدعی کا سگا بھائی ہی چور نکلا۔

پولیس کے مطابق مغلپورہ کے علاقے میں شہری کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور 15 لاکھ روپے نقدی چوری ہونے کے واقعے کا معما حل کر لیا گیا، جس میں مرکزی ملزم خود مدعی مقدمہ کا سگا بھائی نکلا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے چوری کی واردات کا نوٹس  لیا تھا، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن سول لائن خالد سعید کی سربراہی میں پولیس ٹیم کو ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کا ٹاسک سونپا گیا۔

انچارج انویسٹی گیشن تھانہ مغلپورہ معین الیاس نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے مال مسروقہ لاکھوں مالیت کے 6 تولے زیورات اور 15 لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ملزم اور مدعی مقدمہ آپس میں سگے بھائی ہیں اور الگ الگ رہائش پذیر ہیں۔

ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق مدعی مقدمہ گھر کو تالے لگا کر اپنی فیملی کے ساتھ شادی میں شرکت کے لیے گیا تھا، جس کے بعد ملزم نے موقع پا کر گھر کے تالے توڑے اور 6 تولے زیورات سمیت 15 لاکھ روپے نقدی چوری کر لی۔ واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

Load Next Story