پنجاب میں مستحق افراد کو نگہبان کارڈ دینے کا فیصلہ، 47 ارب کا رمضان ریلیف پیکیج

مستحق افراد کے لیے نگہبان کارڈز کے ساتھ ساتھ نگہبان دسترخوان اور سہولت بازار بھی قائم کیے جائیں گے

لاہور:

پنجاب حکومت نے نادار افراد کے لیے 47 ارب روپے مالیت کا رمضان ریلیف پیکیج منظور کرلیا، مستحق افراد کو نگہبان کارڈز فراہم کیے جائیں گے، نگہبان دسترخوان اور سہولت بازار قائم کیے جائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت رمضان شریف کی پیشگی تیاریوں اور عوامی ریلیف کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے نادار افراد کے لیے سی ایم راشن کارڈ، نگہبان دسترخوان، سہولت بازار اور دیگر انتظامی امور کی منظوری دے دی۔

نگہبان کارڈ کے ذریعے 42 لاکھ خاندانوں اور ایک کروڑ افراد کے لیے 47 ارب کا خطیر ریلیف پیکیج تیار کیا گیا ہے جس کے تحت 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10 ، 10 ہزار ملیں روپے گے۔

مستحق افراد کو امداد کے لیے بھٹکنا نہیں پڑے گا، رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے کیش کے علاوہ دیگر ضروری اشیاء بھی خریدنے کی سہولت میسر ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ متعلقہ علاقوں میں گھرگھر جاکر وزیراعلیٰ پنجاب رمضان نگہبان کارڈ فراہم کرے گی۔ نگہبان کارڈ کے ذریعے بینک آف پنجاب برانچ لیس بینکنگ ایجنٹ سے بھی کیش حاصل کرسکیں گے جب کہ ون لنک نیٹ ورک اے ٹی ایم کے ذریعے بھی کیش حاصل کیا جا سکے گا۔

بینک آف پنجاب کے مقررہ دکان داروں سے رمضان نگہبان کیش کے ذریعے خریداری کی جاسکے گی۔ کارڈ کی ایکٹیویشن کے لیے 136 ایکٹیویشن مراکز قائم کیے جائیں گے، کارڈ پنجاب بینک کی اے ٹی ایم پر بھی ایکٹیویٹ کیا جاسکے گا۔

راشن کارڈ ہولڈرز

پنجاب بھر میں راشن کارڈ ہولڈرز کو بھی رمضان المبارک میں 3ہزار ماہانہ کے بجائے 10 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

’’نگہبان دسترخوان ۔۔۔ مریم کے مہمان‘‘

اجلاس میں پنجاب کی ہر تحصیل میں رمضان المبارک میں 8 ’’نگہبان دسترخوان ۔۔۔ مریم کے مہمان‘‘ قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔

پنجاب کی ہر تحصیل میں ”نگہبان دسترخوان ۔۔۔ مریم کے مہمان“ کے تحت ہر روز 2 ہزار روزہ داروں کی افطاری کرائی جائے گی،  کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو نگہبان دسترخوان کی مانیٹرنگ کی ہدایت کردی گئی۔

نگہبان دسترخوان میں روزہ داروں کو کھجور، سموسہ، دودھ، روح افزا، کیلا اور چکن بریانی پیش کی جائے گی۔

سہولت بازار

اسی طرح رمضان المبارک میں 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فنکشنل، 50 سہولت بازار 15 سہولت آن دی گو میسر ہوں گے، دیگر 11اضلاع میں عارضی رمضان سہولت بازار قائم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے 60 تحصیلوں میں سہولت بازار کے لئے فوری طور پر اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کردی۔ سہولت بازاروں میں نرخ، صفائی، سیکیورٹی اور دیگر امور کی نگرانی کے لیے 1250 کیمروں کے ساتھ صوبائی مانیٹرنگ روم قائم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر فلور ملز، چکن، کریانہ اور گھی ملز ایسوسی ایشن کے اسٹالز بھی قائم ہوں گے۔

Load Next Story