قطر سے خاتون کو لاکر قتل کرنے کے مقدمے میں اہم پیشرفت، قتل کی پلاننگ کی ویڈیو پولیس کو موصول
قطر سے خاتون کو لاکر راولپنڈی میں قتل کرنے کے مقدمہ میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے ملزمان کی قتل سے قبل منصوبہ بندی میٹنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی، مقدمہ میں مقتولہ کے والد سمیت 4 ملزمان گرفتار ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ تھانہ واہ کینٹ میں درج خاتون کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کے مقدمہ اہم پیش رفت ہوئی ہے، راولپنڈی پولیس نے قتل کی پلاننگ والی سی سی ٹی وی فوٹیج گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر برآمد کی ہے۔
ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر خاتون کے قتل میں استعمال پسٹل بھی برآمد کرلیا ہے، ملزمان کی نشاندہی پر مقتولہ کے قتل سے قبل قطر میں فون کے لیے استعمال موبائل فون بھی برآمد کرلیا۔
خاتون کو قطر سے پاکستان لانے والے دونوں چچا کے نام ای سی ایل میں شامل ہوچکے ہیں، ملزمان فیصل اور شوکت خاتون کو قتل کرنے کے لئے قطر سے براستہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ راولپنڈی لائے تھے۔
دونوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر رکھا ہے، خاتون کے قتل کا مقدمہ پولیس مدعیت میں31 دسمبر کو تھانہ واہ کینٹ میں درج ہوا تھا۔
مقدمہ میں مجموعی طور پر 4 ملزمان گرفتار ہیں، گرفتار ملزمان میں مقتولہ کا والد، 2 چچا سمیت ایک مرکزی ملزم بھی شامل ہے۔