خیبر پختونخوا میں نمبر پلیٹوں کی نیلامی، عمران خان کے نام سے مشابہ پلیٹ کتنے میں فروخت ہوئی؟
AI GENERATED IMAGE
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے نشتر ہال پشاور میں پرسنلائزڈ نمبر پلیٹس کی نیلامی کا انعقاد کیا گیا جس میں کروڑوں روپے میں نمبر پلیٹس فروخت کردی گئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام منگل کے روز نشتر ہال پشاور میں پرسنلائزڈ مارکس چوائس نمبر پلیٹس کی شاندار نیلامی کا انعقاد کیا گیا جہاں خواہش مند افراد نے غیر معمولی دلچسپی لیتے ہوئے من پسند نمبر پلیٹس بڑے داموں خریدیں۔
چوائس نمبر پلیٹس کی الاٹمنٹ کے لیے جاری نیلامی میں اب تک ’’وزیر 1‘‘ کو سب سے زیادہ بولی دیکر خریدا گیا۔ وزیر 1 نمبر پلیٹ ایک کروڑ 50 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔
’آفریدی 1‘ کو دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ بولی پر خریدا گیا، مذکورہ نمبر پلیٹ ایک کروڑ 40 لاکھ پچاس ہزار روپے میں پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے خریدلی۔
نیلام شدہ نمبر پلیٹس میں تیسری سب سے زیادہ بولی بانی پی ٹی آئی کے نام سے مشابہت والی ’خان 1‘ پر لگائی گئی جسے ایک کروڑ 11 لاکھ روپے میں وزیرستان سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے نیک محمد خان نے خرید لیا۔
804 نمبر پلیٹ آکشن سے نکال دی گئی، زرداری، شریف، قومی کرکٹرز کے نام کی نمبر پلیٹس کی بولی آج نہیں ہوئی۔
اسی طرح پشاور 1، چوائس نمبر پلیٹ 1 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی۔ ہری پور 1، 80 لاکھ روپے، یوسف زئی 1 49 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔
درانی 1، چوائس نمبر پلیٹ 16 لاکھ 60 ہزار روپے، مالاکنڈ 1، ساڑھے 12 لاکھ، صوابی 1 نمبر پلیٹ 12 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی۔
نیلامی سنگل بڈنگ کے تحت ہوئی جبکہ مزید نمبروں کی نیلامی ای بڈنگ پر کی جائے گی۔نیلامی کے عمل میں عوامی جوش و خروش اور بھرپور شرکت نے اس منفرد منصوبے کی کامیابی کو واضح کر دیا۔
یہ منفرد عمل صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخرِ جہان کی سرپرستی میں ہوا۔ نشتر ہال پشاور میں منعقدہ اس خصوصی نیلامی میں شخصی، قبائلی ناموں، سیاسی اور علاقائی شناخت پر مبنی چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی نے بڈرز کی خصوصی توجہ حاصل کی جس سے سرکاری خزانے کو خطیر ریونیو حاصل ہوگا۔
سید فخرِجہان نے کہا ہے کہ چوائس نمبر پلیٹس کا یہ منصوبہ ایک منفرد اور عوام دوست اقدام ہے، جو الحمدللہ عوام کی بھرپور دلچسپی کے باعث کامیاب رہا، عوام کی درخواست اور دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں مزید من پسند چوائس نمبر پلیٹس کی ای بڈنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواہشمند حضرات اپنی دلچسپی کے مطابق ناموں اور مارکس کے لیے دستک ایپ کے ذریعے یا ڈائریکٹر جنرل ایکسائز کو براہِ راست درخواست جمع کرا سکتے ہیں، آئندہ بھی عوامی سہولت، شفافیت اور جدیدیت پر مبنی ایسے مزید اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
نیلامی کی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول عبد الحلیم خان کے علاوہ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔