بلوچستان میں بارش اور برفباری، نظامِ زندگی شدید متاثر، چھتیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق

کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی جبکہ گیس پریشر میں شدید کمی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

کوئٹہ:

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شدید سردی کی لہر نے صوبے کے وسیع علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

کوئٹہ، قلات، زیارت، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ، چمن، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور دیگر بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی برفباری نے معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔

پیر کے روز کوئٹہ کے علاقے کلی شاہوزئی محمد شاہی ٹاوٴن میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص لیاقت علی جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

اسی طرح، دکی میں مسجد روڈ پر دکان کی چھت گرنے سے دکاندار سمیت چار افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

بارش اور برفباری کے باعث کوئٹہ میں کیسکو کے 24 فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی، جبکہ گیس پریشر میں شدید کمی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے بھاری مشینری کے ذریعے برف ہٹانے اور نمک پاشی کا عمل جاری رکھا، جس کے باعث متعدد مقامات پر ٹریفک بحال کر دی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قلات میں تقریباً 5 انچ جبکہ کوئٹہ میں 0.5 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ قلات میں 34 ملی میٹر، زیارت میں 17، دالبندین میں 15، نوشکی میں 9، نوکنڈی میں 8 اور کوئٹہ، سبی اور چمن میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کم سے کم درجہ حرارت زیارت میں منفی 8، قلات میں منفی 7، کوئٹہ میں منفی 4، چمن میں منفی 2 اور ژوب میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کوئٹہ میں ٹریفک پولیس نے شدید سردی اور برفباری کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، گاڑی آہستہ چلانے، بلیک آئس سے محتاط رہنے، دھند میں فوگ لائٹس استعمال کرنے اور ایمرجنسی کِٹ ساتھ رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ موٹر سائیکل سواروں کو خصوصی طور پر غیر ضروری سفر سے اجتناب اور ہیلمٹ کے استعمال کی تلقین کی گئی ہے۔

دوسری جانب، شدید سردی کے باوجود کوئٹہ اور گردونواح میں شہری اور سیاح برفباری سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔ کئی افراد نے ناشتے اور گرم مشروبات کے ساتھ سرد موسم کو انجوائے کیا، جبکہ ہوٹلوں اور تفریحی مقامات پر رش دیکھنے میں آیا۔

بارش اور برفباری کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Load Next Story