ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: جیسن گلیسپی نے بنگلا دیش کی حمایت سے متعلق اپنا ٹویٹ کیوں ڈیلیٹ کیا؟

گلیسپی نے اپنی حذف شدہ پوسٹ میں سوال کیا تھا کہ بنگلہ دیش اپنے میچز بھارت سے باہر کیوں نہیں کھیل سکتا تھا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے بنگلا دیش کے نکالے جانے پر جیسن گلیسپی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی اور بعد میں اس کو ڈیلیٹ کر دیا۔

سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر اور پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے وضاحت کی ہے کہ انہوں نے وہ پوسٹ کیوں ڈیلیٹ کی جس میں وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے فیصلے پر سوال اٹھا رہے تھے کہ بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئنٹی  ورلڈ کپ میں شرکت سے کیوں خارج کیا گیا۔

گلیسپی نے کہا کہ انہوں نے اپنی پوسٹ ایکس سے اس لیے ہٹا دی کیونکہ انہیں بدسلوکی اور جارحانہ تبصروں کا نشانہ بنایا گیا جب انہوں نے ایک سادہ اور منطقی سوال پوچھا تھا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ٹویٹ اس لیے ڈیلیٹ کی  کیونکہ مجھے ایک سادہ سا سوال پوچھنے پر بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا۔

اس تنازع کی شروعات اس وقت ہوئی جب آئی سی سی نے بنگلا دیش کو ورلڈ کپ کے مرکزی ایونٹ سے خارج کرکے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا۔ یہ فیصلہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے بھارت جانے سے انکار اور سیکیورٹی خدشات کے بعد سامنے آیا تھا۔

گلیسپی نے اپنی حذف شدہ پوسٹ میں سوال کیا تھا کہ بنگلہ دیش اپنے میچز بھارت سے باہر کیوں نہیں کھیل سکتا تھا، خاص طور پر جب گزشتہ مواقع پر بھارت کو پاکستان میں میچ کھیلنے سے انکار پر غیر جانبدار مقامات پر کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی۔

چند گھنٹوں میں ہزاروں منفی اور جارحانہ تبصروں کے بعد گلیسپی نے پوسٹ کو ہٹا دیا جس نے سوشل میڈیا پر کافی بحث اور توجہ حاصل کی۔

متعلقہ

Load Next Story