ایران کو نیتن یاہو کی سخت دھمکی، ایسا جواب دیں گے جو دنیا نے پہلے نہیں دیکھا ہوگا
تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسے ایسا جواب دیا جائے گا جو اس نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ ایران کو حملے کی کوئی غلطی نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ اسرائیل ہر ممکن طاقت اور پوری قوت کے ساتھ جواب دے گا۔
انہوں نے فلسطین سے متعلق اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینی ریاست کے قیام کی اجازت نہیں دے گا۔ نیتن یاہو کے مطابق فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق باتیں ہوتی رہی ہیں، مگر ایسا نہ ماضی میں ہوا اور نہ آئندہ ہونے دیا جائے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل سکیورٹی کنٹرول برقرار رکھے گا اور یہ پالیسی غزہ کی پٹی پر بھی لاگو رہے گی۔
غزہ میں غیر ملکی فوجیوں کی تعیناتی سے متعلق سوال پر نیتن یاہو نے واضح کیا کہ اسرائیل غزہ میں ترک یا قطری فوجیوں کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔