بھارت کو ایک اور سفارتی دھچکا، بنگلادیش نے انڈین اکنامک زون منصوبہ ختم کر دیا

چٹاکانگ میں انڈین اکنامک زون کے لیے مختص زمین کو اب دفاعی اقتصادی زون کے طور پر استعمال کیا جائے گا

ڈھاکا: بنگلادیش نے چٹاکانگ میں قائم کیے جانے والے انڈین اکنامک زون کے منصوبے کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور اس کی جگہ ڈیفنس اکنامک زون بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بنگلادیش اکنامک زونز اتھارٹی (BEZA) کے ایگزیکٹو چیئرمین چوہدری عاشق محمود بن ہارون نے ڈھاکا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ اتھارٹی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ ان کے مطابق چٹاکانگ میں انڈین اکنامک زون کے لیے مختص زمین کو اب دفاعی اقتصادی زون کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

چوہدری عاشق محمود کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا مقصد بنگلادیش کی فوجی اور دفاعی صنعت میں مقامی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہتھیاروں اور دفاعی ساز و سامان کی تیاری سے متعلق طویل عرصے سے مشاورت جاری تھی، کیونکہ ان مصنوعات کی عالمی سطح پر بھی طلب موجود ہے اور بنگلادیش کو اپنی دفاعی ضروریات خود پوری کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کے مطابق اس منصوبے پر آرمڈ فورسز ڈویژن، وزارت دفاع اور چیف ایڈوائزر کے دفتر کے درمیان پہلے ہی مشترکہ طور پر کام ہو رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 850 ایکڑ خالی زمین کی نشاندہی کی جا چکی ہے، جو گزشتہ سال جون تک انڈین اکنامک زون کے لیے مختص تھی، تاہم بعد میں اس منصوبے کو منسوخ کر دیا گیا۔

چوہدری عاشق محمود نے مزید کہا کہ دفاعی اقتصادی زون کے قیام کے لیے بنگلادیش اپنے دوست ممالک سے بھی مشاورت کر رہا ہے، تاہم اس وقت یہ کہنا ممکن نہیں کہ کون سا فوجی ساز و سامان تیار کیا جائے گا، کیونکہ اس کا فیصلہ طلب اور ملکی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

متعلقہ

Load Next Story