روسی ڈرون حملے میں یوکرین کے شہر اوڈیسا میں 3 افراد ہلاک، بچوں سمیت متعدد زخمی

یوکرینی حکام کے مطابق حملے میں 50 سے زائد ڈرون استعمال کیے گئے، جن میں بعض جدید اور زیادہ طاقتور ماڈلز تھے

کیف: روس کی جانب سے یوکرین کے جنوبی شہر اوڈیسا پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے، جن میں دو بچے اور ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہیں۔

یوکرینی حکام کے مطابق حملے میں 50 سے زائد ڈرون استعمال کیے گئے، جن میں بعض جدید اور زیادہ طاقتور ماڈلز تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ روسی ڈرونز نے بجلی کے نظام کو نشانہ بنایا، جس کے باعث شدید سردی کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

حملے میں پانچ رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، جب کہ ملبے تلے دب کر دو مرد اور ایک خاتون جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک تمام افراد کا سراغ نہ مل جائے۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ایسے حملے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور انہوں نے امریکہ اور عالمی برادری سے جنگ کے خاتمے کے لیے تیز رفتار سفارتکاری پر زور دیا ہے۔ زیلنسکی نے روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی بھی اپیل کی تاکہ ماسکو کو مذاکرات پر آمادہ کیا جا سکے۔

دوسری جانب یوکرین کے شمال مشرقی علاقے خارکیف میں ایک مسافر ٹرین کو بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں چار افراد ہلاک اور کئی لاپتا ہو گئے۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے مطابق حالیہ حملوں میں اوڈیسا، کیف اور لویو کے تاریخی مقامات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

Load Next Story