معلوم نہیں تھا پاکستان میں اتنی سردی ہوگی، آسٹریلوی کپتان حیران

پری سیریز پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے سیریز کے لیے جوش و جذبے کا اظہار کیا

پاکستانی سرزمین پر قدم رکھتے ہی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو غیر متوقع سرد موسم کا سامنا کرنا پڑا جس پر کپتان مچل مارش نے بھی حیرت کا اظہار کیا۔

 اس وقت ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے جس سے پاکستانی عوام کہیں لطف اندوز ہو رہے ہیں تو کہیں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم نسبتاً ٹھنڈے ملک آسٹریلیا سے آنے والی مہمان ٹیم کے لیے پاکستان کی یہ سردی غیر متوقع ثابت ہوئی۔

تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر پری سیریز پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے سیریز کے لیے جوش و جذبے کا اظہار کیا، تاہم ساتھ ہی پاکستان کے سرد موسم پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہاں اتنی سردی ہوگی اسی وجہ سے وہ زیادہ گرم کپڑے ساتھ نہیں لائے۔

مچل مارش نے کہا کہ پاکستان آ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے اور ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے یہ سیریز نہایت اہم ہے۔ ان کے مطابق پوری ٹیم اس سیریز کے لیے پُرجوش ہے اور آسٹریلوی اسکواڈ کے زیادہ تر کھلاڑی دستیاب ہیں جو میگا ایونٹ سے قبل بہتر تیاری کا موقع فراہم کریں گے۔

آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ ان کنڈیشنز میں کھیلنا آسان نہیں ہوگا، تاہم ٹیم اسپنرز کے خلاف حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جارحانہ حکمتِ عملی اپنائے گی۔ پلیئنگ الیون کے حوالے سے فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔

مچل مارش نے پاکستانی فاسٹ بولنگ کی تاریخ کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے بہترین فاسٹ بولرز پیدا کرتا آیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ دور میں شاہین شاہ آفریدی شاندار بولر ہیں اور وہ اس سیریز سمیت ورلڈ کپ میں بھی آسٹریلیا کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ

Load Next Story