لاہور،ماں اور بیٹی کھلے مین ہول میں گر کر لاپتہ، خاتون کے والد نے قتل کا شبہ ظاہر کردیا
فوٹو: فائل
لاہور: داتا دربار کے مرکزی گیٹ کے قریب ماں اپنی 9 ماہ کی بیٹی کے ساتھ کھلے مین ہول میں گر گئی جن کی تلاش کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ والد کی جانب سے قتل کے شبے پر پولیس نے شوہر سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ریسکیو 1122 کو بھاٹی گیٹ نزد داتا دربار مین گیٹ کے قریب مین ہول (گٹر) میں گرنے کی کال موصول ہوئی، جس پر ایمرجنسی وہیکلز کو جائے حادثہ پر بھیج دیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق کالر نے بتایا کہ ایک خاتون اپنی بیٹی کے ساتھ مین ہول (گٹر) میں گر گئی ہے، جس کے بعد ٹیموں کو بھیج کر تلاش کیلیے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے پرندہ مارکیٹ میں کھدائی کے دوران مین ہول بنارکھے تھے، دونوں ماں بیٹی پرندہ مارکیٹ کے قریب سے گزر رہے تھے، مناسب روشنی نہ ہونے کی وجہ سے مین ہول نظر نہیں آیا اور اس میں گر گئے۔
ذرائع کے مطابق خاتون اور اس کی بچی سیوریج لائن میں گرے جس کو کئی مقامات سے ڈھانپا بھی گیا تھا، مین ہول میں گرنے والی خاتون کی شناخت سعدیہ کے نام سے ہوئی جس کے ساتھ 9 ماہ کی بچی بھی تھی۔
ذرائع کے مطابق خاتون کے والد نے پولیس سے رابطہ کر کے بیٹی کے قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے شوہر اور سسرالیوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش میں شوہر کا بیوی کے ساتھ شدید تنازعات اور سنگین الزامات سامنے آئے جس پر پولیس نے شک کی بنیاد پر شوہر سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔