امریکا: ماہرین نے دو نئے وائرسز کے خطرے سے خبردار کر دیا
ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ دو نئے وائرس امریکا میں صحتِ عامہ کے لیے بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔
جانوروں سے پھیلنے والا انفلوئنزا ڈی وائرس اور کتوں میں پایا جانے والا کورونا وائرس دونوں ابھی تک ماہرین کی نظروں سے اوجھل رہے ہیں۔ جس کے متعلق محققین نے ایک نئی رپورٹ میں اس بارے میں تشویش ظاہر کی ہے۔
فلوریڈا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر جان لیڈنکی کا کہنا تھا کہ دستیاب تحقیقی مواد سے پتا چلتا ہے کہ یہ دونوں وائرس انسانوں میں سانس کی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں، لیکن ان سے بچاؤ یا روک تھام کے لیے اب تک مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔
اگر ان وائرسز میں انسان سے انسان میں باآسانی منتقل ہونے کی صلاحیت پیدا ہو گئی تو یہ وباؤں یا عالمی وباؤں کی صورت اختیار کر سکتے ہیں، کیونکہ زیادہ تر لوگوں میں ان کے خلاف قوتِ مدافعت موجود نہیں ہوگی۔