کراچی کو وفاق کے زیر کنٹرول لانے کا سیاسی مطالبہ زور پکڑنے لگا
سانحہ گل پلازہ کے بعد کراچی کو وفاق کے زیر کنٹرول لانے کا سیاسی مطالبہ زور پکڑنے لگا ۔ کسی علاقے یا شہر کو کسی صوبے سے نکال کر وفاق کے زیر کنٹرول لانا انتہائی مشکل اور پیچیدہ عمل ہے۔ اس کا طریقہ کار کیا ہے ؟
پاکستان میں کسی صوبے کے شہر یا مخصوص علاقے کو وفاق کے زیرِ انتظام علاقہ بنانے کے لیے آئینی ترمیم ناگزیر ہے۔
کسی بھی نئے شہر کو وفاق کے زیرِ انتظام کرنے کے لیے اس شہر کو آرٹیکل 1 میں بطور نیا وفاقی علاقہ شامل کرنا ہوگا۔
آئین میں کسی بھی قسم کے ردوبدل کے لیے آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے قومی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظوری کے بعد سینیٹ سے بھی دو تہائی اکثریت سے منظوری لی جائے اور آخر میں صدر پاکستان اس کی توثیق یعنی منظوری دینگے۔
ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق کا کہنا تھا اگر کسی صوبے کے علاقے یا شہر کو وفاق کے زیر انتظام دینا مارشل لاء کے بغیر ممکن نہیں۔
انھوں نے کہا کہ کراچی گل پلازہ کا سانحہ بہت بڑا سانحہ تھا اس کو بھی مذاق میں لیا گیا یہ کراچی کی 4 کروڑعوام کا مسئلہ ہے، مسائل پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ دفاعی ضرورت کے لحاظ سے نئے صوبے ضروری ہیں ۔