کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 4 زخمیوں سمیت 7 ڈاکو گرفتار، ایک فرار

کارروائیوں کے دوران اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں


اسٹاف رپورٹر January 29, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 3 زخمی ڈاکوؤں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

کارروائیوں کے دوران اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سچل پولیس نے چانڈیو چوک کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران پانچ رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا۔

مقابلے میں گینگ کے دو ملزمان زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد قدیر، محمد رضا، فلک شیر، ایاز اور شیراز کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ملزمان کے قبضے سے تین پستول، چھینے گئے موبائل فونز، دو موٹر سائیکلیں اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔

چھیپا حکام نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب گلشن معمار پولیس نے چاؤلہ گودام کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔

گرفتار ملزم کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت عدنان اللہ کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک پستول، موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔

تیسری کارروائی سہراب گوٹھ کوئٹہ ٹاؤن کے قریب ہوئی جہاں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا، ملزم کی شناخت صدر دین کے نام سے کی گئی ہے۔

مقبول خبریں