کولمبیا میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، تمام 15 افراد ہلاک

حادثہ وینزویلا کے ساتھ کولمبیا کی مشرقی سرحد کے قریب ایک پہاڑی علاقے میں پیش آیا

بوگوٹا: کولمبیا میں ایک چھوٹا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 15 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ وینزویلا کے ساتھ کولمبیا کی مشرقی سرحد کے قریب ایک پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔

رپورٹس کے مطابق طیارہ کوکوٹا سے اوکانا جا رہا تھا کہ لینڈنگ سے کچھ دیر قبل ائیر ٹریفک کنٹرول سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ بعد ازاں امدادی اداروں نے طیارے کے تباہ ہونے کی تصدیق کر دی۔

حکام کے مطابق طیارے میں کولمبیا کانگریس کے ایک رکن سمیت 13 مسافر اور 2 کریو ممبرز سوار تھے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشیں نکالنے کا عمل مکمل کیا۔

ابتدائی تحقیقات میں خراب موسمی حالات کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور حتمی وجہ رپورٹ مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔

Load Next Story