امریکی جارحیت کا جواب دینے کیلئے مکمل تیار، فورسز کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں، ایران

ٹرمپ کے مطابق یہ بیڑا ضرورت پڑنے پر طاقت کے استعمال کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے

تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور فورسز کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔

عباس عراقچی نے ایک بیان میں کہا کہ ایران ہمیشہ شفاف اور منصفانہ جوہری معاہدے کا حامی رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا جوہری معاہدہ قابل قبول ہوگا جس میں جوہری ہتھیار شامل نہ ہوں اور ایران کے جائز حقوق کو یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی نے بھی سخت بیان جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف کسی قسم کی فوجی کارروائی کی تو امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

علی شمخانی کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے محدود حملے کی بات ایک فریب ہے اور کسی بھی امریکی حملے کا ایرانی ردعمل فوری، مکمل اور مثال بننے والا ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک بڑا امریکی بحری بیڑا ایران کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کی قیادت طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کر رہا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ بیڑا ضرورت پڑنے پر طاقت کے استعمال کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں ایران مذاکرات کی میز پر آئے اور ایک منصفانہ، مساوی اور جوہری ہتھیاروں سے پاک معاہدے پر بات چیت کرے، جو تمام فریقین کے لیے بہتر ہو۔

متعلقہ

Load Next Story