پاکستان بنگلادیش تعلقات میں نئی تاریخ رقم
فوٹو: فائل
پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات میں نئی تاریخ رقم ہوگئی، 14 سال بعد دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطے آج سے بحال ہوجائیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 14 سال بعد بنگلا دیش کی بیمان ایئرلائن کی پہلی پرواز آج ڈھاکہ سے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔
اس حوالے سے کراچی میں ائیرپورٹ اتھارٹی اور سول ایوی ایشن کو شیڈول موصول ہوگیا ہے، رات 8 بجے بیمان بنگلادیش ایئرلائن ڈھاکہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔
بیمان ایئر کی پرواز BG-341 تین گھنٹے کا فضائی سفر طے کرنے کے بعد رات 11 بجے کراچی ائیرپورٹ لینڈ کرے گی۔
کراچی ائیرپورٹ پر بیمان ایئرلائن کی پہلی پرواز آمد پر خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلادیش اور پاکستان کے فضائی راستے کی بحالی دونوں ملکوں کے لیے اہم ہیں۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیمان ائیرلائن کو پاکستان کے لیے فضائی آپریشن کی پہلے کی اجازت دی تھی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ بیمان ائیرلائن ہفتہ وار 2 پروازیں کراچی ڈھاکہ کے درمیان چلائی جائیں گی۔