لاہور، کھلے مین ہول حادثے میں جاں بحق ماں بیٹی کی میتیں آبائی گاؤں پہنچ گئی، نماز جنازہ آج ہو گی

نمازِ جنازہ جمعہ کے روز دن 11 بجے گاؤں اللہ یار جوتہ میں ادا کی جائے گی

شور کوٹ:

لاہور میں کھلے مین ہول میں گرنے کے افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والی ماں بیٹی سعدیہ اور ردا فاطمہ کی میتیں شورکوٹ کے نواحی گاؤں اللہ یار جوتہ میں ان کے آبائی گھر پہنچا دی گئیں، جہاں فضا سوگوار ہو گئی اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق میتوں کی آمد پر اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، جبکہ لواحقین غم سے نڈھال دکھائی دیے۔ حادثے نے نہ صرف خاندان بلکہ پورے علاقے کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

اہلِ خانہ کے مطابق جاں بحق ماں بیٹی کی نمازِ جنازہ جمعہ کے روز دن 11 بجے گاؤں اللہ یار جوتہ میں ادا کی جائے گی، جس میں علاقہ مکینوں، رشتہ داروں اور مختلف مکاتبِ فکر کے افراد کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

یاد رہے کہ سعدیہ اور اس کی کمسن بیٹی ردا فاطمہ لاہور میں داتا دربار کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گئی تھیں، جس کے بعد یہ واقعہ پورے ملک میں شدید غم و غصے اور افسوس کا باعث بنا۔

متعلقہ

Load Next Story