بلوچستان؛ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 41 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے 2 مختلف آپریشنز میں بھارتی حمایت یافتہ 41 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 جنوری 2026 کو بلوچستان میں 2 الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی تنظیموں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 41 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پہلا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ہرنائی کے نواحی علاقے میں فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 30 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
فورسز کی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے بھارتی حمایت یافتہ 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔ دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’’عزمِ استحکام‘‘کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا فورسز کو خراج تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں 2 کارروائیوں اور بنوں میں بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان جیسے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف عزمِ استحکام کے تحت جاری کارروائیاں پاکستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے تک جاری رہیں گی۔ ملک میں پراکسی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مستعدی قابلِ تعریف ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ضلع ہرنائی اور ضلع پنجگور میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف 2 مختلف کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 41 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان کے علاقوں ہرنائی اور پنجگور میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے 41 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ آپریشنز میں حصہ لینے والے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ فورسز نے 41 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔