سونا سستا ہوگیا؛ عالمی اور مقامی قیمتوں میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ
سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتیں آج تاریخ کی سب سے بڑی کمی کا شکار ہو گئیں۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج جمعہ کے روز فی اونس سونے کی قیمت 355 ڈالر کی بڑی کمی سے 5 ہزار 150 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔ اس گراوٹ کو تاریخ کی سب سے بڑی کمی قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں بھی آج 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 35 ہزار 500 روپے کی نمایاں کمی سے 5 لاکھ 37 ہزار 362 روپے کی سطح پر پہنچ گئی جب کہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 30 ہزار 435 روپے کم ہوکر 4 لاکھ 60 ہزار 701 روپے کی سطح پر آ گئی۔
اسی طرح چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی تولہ چاندی کی قیمت 1106 روپے کی کمی سے 11 ہزار 069 روپے کی سطح پر آ گئی جب کہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت 949 روپے کی کمی سے 9 ہزار 489 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے دن بڑا اضافہ ریکارڈ ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت پونے 6 لاکھ روپے تک پہنچ گئی تھی۔
جمعرات کے روز بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت مزید 212 ڈالر کے بڑے اضافے سے 5 ہزار 504 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر آ گئی تھی جب کہ مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز 21 ہزار 200 روپے کا بڑا اضافہ ہوا اور ایک تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 18 ہزار 175 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 91 ہزار 136 روپے کی سطح پر آ گئی تھی۔ سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی گزشتہ روز اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی تولہ چاندی کی قیمت 264 روپے کے اضافے سے 12 ہزار 175 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 227 روپے کے اضافے سے 10 ہزار 438 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
اس سے ایک روز قبل بدھ کے روز بھی بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 211 ڈالر کے اضافے سے 5 ہزار 293 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جب کہ ملکی تاریخ میں بھی پہلی بار ایک روزہ کاروبار کے دوران 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 21 ہزار 100 روپے کے ریکارڈ اضافے سے 5 لاکھ 51 ہزار 662 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آ گئی تھی۔
اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 18 ہزار 090 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 72 ہزار 961 روپے کی نئی تاریخ ساز سطح پر پہنچ گئی تھی۔
بدھ کے روز عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 2 ڈالر 36 سینٹس کے اضافے سے 114 ڈالر 27 سینٹس کی بلند ترین سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 271 روپے کے اضافے سے 11 ہزار 911 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آ گئی تھی، جبکہ فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 232 روپے کے اضافے سے 10 ہزار 211 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔
یاد رہے کہ عالمی مارکیٹ میں جمعرات کی شب سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی ہلچل دیکھنے میں آئی تھی، جس کے نتیجے میں قیمتیں بڑے اضافے کے بعد 5 فیصد تک گر گئیں۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 5 ہزار 594 ڈالر کی ریکارڈ بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد اچانک 5 فیصد کمی سے 5 ہزار 109 ڈالر کی سطح تک آ گئی تھی۔