سندھ حکومت نے کراچی میں اعلانات کا جمعہ بازار لگایا ہوا ہے، منعم ظفر خان
امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں اعلانات کا جمعہ بازار لگایا ہوا ہے، جہاں سے کوئی وزیر گزر جائے صرف اعلانات مل رہے ہیں، اتوار کو شاہراہ فیصل پر جینے دو کراچی مارچ میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
جماعت اسلامی کراچی کے مرکزی دفتر ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کیلئے اربوں روپے کے کاغذی پیکجز کے اعلانات کررہی ہے، مرتضیٰ وہاب، شرجیل میمن، وزیراعلیٰ پیکجز کا اعلان کرتے نہیں تھک رہے، بتایا گیا ہے کہ کے ایم سی 46 ارب روپے کے ترقیاتی کام کریگی، 3 دن پہلے 21 ارب روپے کے ڈیولپمنٹ فنڈ کا نام لیا گیا، وفاقی حکومت کے فنڈز بھی ملالیں تو ایسا لگتا ہے کراچی کے پاس پیسوں کی کوئی کمی نہیں۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ یہ سارے اعلانات صرف دھوکہ اور فراڈ ہیں، اگر کراچی میں پیسہ لگ رہا ہوتا تو شہر کی یہ صورتحال نہ ہوتی، آپ کے سارے اعلانات صرف کاغذی دعوے ہیں۔ 2023 میں شروع ہونے والا کریم آباد انڈر پاس بار بار ڈیڈ لائنز کے باوجود ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا، اسلام آباد میں 72 دن میں تین انڈر پاسز بن رہے ہیں لیکن کریم آباد انڈر پاس کو تیسرا سال مکمل ہونے جارہا ہے، ریڈ لائن منصوبہ انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن چکا ہے، ابتک تین افراد اس میں جان سے جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ اور مرتضیٰ وہاب کو اپنی ناکامی کا اعتراف کرکے مستعفی ہوجانا چاہئے۔ سانحہ گل پلازہ کے بعد میئر کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرکے مستعفیٰ ہوجانا چاہئے تھا اور آپ کی پارٹی کا ہی کوئی دوسرا آجاتا لیکن آپ یہ کام بھی نہیں کرسکے کیونکہ آپ میں اتنی بھی اخلاقی جرات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دو ہفتے گزرنے کے باوجود گل پلازہ کے شہداء کی باقیات ورثاء کے حوالے نہیں کی گئیں، بتایا یہ گیا ہے کہ 87 افراد اس حادثہ میں جاں بحق ہوئے ہیں لیکن ابھی تک ڈی این اے کے ذریعے 42 افراد کی باقیات لواحقین کے حوالے کی جاسکی ہیں، کل بھی شہر میں جمعہ کے بعد 17 سے 18 جنازہ اٹھائے گئے۔ کراچی اس وقت سب سے زیادہ غیر محفوظ شہر بن چکا ہے، یہاں جان محفوظ ہے نہ مال، حکمران ایک سانحے کے بعد دوسرے سانحے کے منتظر رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ نے پیپلز پارٹی کی حکومت کی 18 سالہ بد انتظامی، نا اہلی اور کرپشن کو بے نقاب کیا ہے۔ سندھ حکومت کے زیر انتظام چلنے والے سارے محکمے ایسی تصویر پیش کر رہے ہیں کہ شائید انکے پاس کچھ بھی نہیں۔ آگ بجھانے والے ادارے کے پاس آگ سے بچاؤ کا لباس نہیں، ریسکیو 1122 کے پاس بھی آلات موجود نہیں تھے، سول ڈیفنس، پی ڈی ایم اے سب محکمہ تباہ ہیں۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ یکم فروری کو حافط نعیم الرحمان کی قیادت میں شاہراہ فیصل پر عظیم الشان جینے دو کراچی مارچ کریں گے۔ ظالم حکمرانوں سے اپنا حق چھیننے کیلئے کراچی کے شہریوں کو اپنے گھروں سے نکلنا ہوگا۔ شاہراہ فیصل پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ مرتضیٰ وہاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے سٹی کونسل میں موجود تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کررہے ہیں۔