حماس کی مالی معاونت کے الزام میں چینی شہری گرفتار
اسپین کی پولیس نے بارسلونا کے قریب ایک 38 سالہ چینی باشندے کو حماس کو مالی معاونت فراہم کرنے کے شبہے میں گرفتار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہری کیخلاف الزامات میں کرپٹوکرنسی کی ترسیلِ کے ذریعے حماس گروپ کی معاونت کرنا شامل ہے۔
گرفتار ملزم 38 سالہ چینی شہری ہے جو بارسلونا کے قریب ایک حجام کی دکان کا مالک ہے۔ اسپین کی مقامی تحقیقاتی ٹیموں کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے حمال کو تقریباً 600,000 یورو کرپٹو کرنسی کے ذریعے منتقل کیے جن کے ثبوت ایسے ڈیجیٹل والٹس سے ملے ہیں جو مبینہ طور پر حماس سے وابستہ اکاؤنٹس سے منسلک ہیں۔
پولیس نے تحقیقات میں کم از کم 31 مختلف کرپٹو ٹرانزیکشنز کی نشاندہی کی ہے جنہیں مشتبہ والٹس سے حماس سے منسلک ایڈریس پر بھیجا گیا۔
پولیس نے ملزم کی حجام کی دکان اور رہائش گاہ سے کرپٹو اثاثے، نقد رقم، زیورات، تقریباً 9,000 سِگارز، کمپیوٹرز اور موبائل فونز برآمد کیے ہیں۔
تفتیش کے دوران ملزم کے کچھ بینک اکاؤنٹس اور اثاثے بھی فریز کر دیے گئے ہیں جبکہ کیس قومی عدالت میں بھی دائر کردیا گیا ہے۔