گھریلو تشدد بل کی منظوری کے بعد بیوی کے ہاتھوں شوہر قتل
گھریلو تشدد بل کی منظوری کے بعد بیوی کے ہاتھوں شوہر کے قتل کا مقدمہ سامنے آ گیا۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں شوہر کو گولی مار کر قتل کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ لاریب نے 2 روز قبل گھریلو چپقلش کے باعث 12 بور رائفل سے فائرنگ کرکے اپنے 28 سالہ شوہر جواد حسین کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ افسوس ناک واقعہ گھریلو تشدد سے متعلق قانون کی منظوری کے تیسرے روز پیش آیا۔
پولیس کے مطابق مقتول جواد حسین کی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی۔ مقدمے کے مدعی شبیر حسین نے بیان دیا ہے کہ ملزمہ کا اپنے شوہر سے آئے روز جھگڑا رہتا تھا اور وہ شوہر کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ شوہر کو قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئی تھی، تاہم ٹیکسلا پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست خاتون کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔